سندھ فوڈاتھارٹی کاسرجانی میں مصالحہ ساز فیکٹری پرچھاپا

34

کراچی ( اسٹاف رپوررٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس ٹیم نے سرجانی ٹائون کے علاقے میں واقع ایک بڑی مصالحہ ساز فیکٹری پر چھاپا مارکر 10ہزار کلو گرام مضر صحت و غیرمعیاری مصالحہ برآمد کرلیا۔سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا کہ معائنے کے دوران 400 سے زائد خراب مصالحے کی بوریاں برآمد ہوئیں، جس میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی۔فوڈ سیفٹی آفیسر محبوب علی بھٹی کی سربراہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے انٹیلیجنس بیسڈ انفارمیشن پر فیکٹری کا معائنہ کیا اور اسکے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔معائنے کے دوران اس بات کی نشاندہی ہوئی کہ مصالحوں میں کون فلار اور چوکر شامل کرکے ملاوٹ کی گئی ہے، جس کی بنیاد پر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ فیکٹری کے پروڈکشن ایریا میں کاکروچ، بلیاں اور مکڑیوں کے جالے پائے گئے جو فیکٹری کی صفائی کی ناقص حالت کو ظاہر کرتے ہیں۔غیر معیاری اور مضر صحت مصنوعات کی فروخت پر فیکٹری پر 4لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔