اسرائیل سے تانے بانے ملنے کے باعث عمران کوریلیف مل رہاہے‘ شرجیل

29

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ ، ماس ٹرانزٹ ،ایکسزائز اینڈ ٹیکسیشن شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے اہم منصوبہ یلو لائن بی آر ٹی شروع کیا گیا ہے اور ورلڈ بینک کے تعاون سے 100 ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بسز چلائی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے یلو لائن بی آر ٹی کا ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کوشش کریں گے اور ورلڈ بینک سے بات کریں گے کہ اس روٹ پر بھی ای وی بسز چلائی جا ئیں، کانٹریکٹر نے 18ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کی یقین دہابی کروائی، ہم چاہتے ہیں کہ اس سے پہلے یہ منصوبہ مکمل ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حمایت میں اسرائیلی لابی پوری دنیا میں سرگرم ہے، پوری دنیا میں گولڈ اسمتھ گروپ سرگرم ہے، ہم اس چیز کے خلاف ہیں کہ کسی کی ماں بہن بیٹی بہو کو گرفتار کیا جائے، تانے بانے سے لگ رہا ہے کہ عمران خان کو ریلیف مل رہا ہے، شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اس سب کے پیچھے عمران خان کی سابق اہلیہ اور سالا گولڈ اسمتھ ہے، انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر اسرار خان کی باتیں درست ثابت ہو رہی ہیں کہ عمران خان کو اسرائیل نے ہم پر مسلط کیا،ایک اور سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی خوبی یہ ہے کہ وہ کبھی ڈائیلاگ کا دروازہ بند نہیں کرتے ، ڈاکٹر اسرار، حکیم سعید مرحوم نے آج سے برسوں پہلے بتایا تھا کہ عمران خا ن یہودی ایجنٹ ہے۔