ایران پر حملے میں تمام اہداف حاصل کرلئے،نیتن یاہو،اسرائیل غلط اندازاہ لگارہا ہے،خامنہ ای

76

تل ابیب /تہران /نیویارک /واشنگٹن (آن لائن /صباح نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ طاقتور تھا جس میں تمام اہداف حاصل کر لیے گئے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیتن یاہو نے اکتوبر کو حماس کے حملے کی عبرانی کیلنڈر کے مطابق سالگرہ کے موقع پر ایک تقریر میں کہا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم ایرانی حملے کا جواب دیں گے اور ہفتے کے روز ہم نے حملہ کیا‘ ایران نے سیکڑوں بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا اور یہ حملہ ناکام ہوگیا تھا لیکن ہم نے اپنا وعدہ نبھایا، فضائیہ نے ایران پر حملہ کیا اور ایران کی دفاعی صلاحیت اور میزائلوں کی تیاری کو نشانہ بنایا۔ایران نے تصدیق کی کہ اسرائیل نے دارالحکومت کے ارد گرد اور دیگر صوبوں میں عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب اسرائیل کے حملے کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے حملے کو بڑھا چڑھا کر یا کم کر کے پیش نہ کیا جائے اور ایرانی حکام فیصلہ کریں گے اسرائیلی حملے کا جواب کیسے دیا جائے۔آیت اللہ خامنہ ای نے ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے 2 رات کیے گئے حملے کے حوالے سے مبالغہ آرائی سے کام لینا چاہیے نہ ہی اسے کم بتانا چاہیے‘ ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی حکام کو اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی طاقت کا بہترین مظاہرہ کس طرح کرنا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایران میں ایٹمی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا۔ یہ ایک مثبت اشارہ ہے اور امید ہے اس کے بعد کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہوجائے گی۔ دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای شدید بیمار ہیں اور ممکنہ طور پر ان کے دوسرے بیٹے مجتبیٰ ان کے جانشین ہوسکتے ہیں۔ ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے تل ابیب کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران پر حملے کا متناسب جواب دیا جائے گا۔ایرانی میڈیا کے مطابق نائب صدر محمد رضا عارف سے تہران میں حماس اور حزب اللہ کے نمائندوں نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد رضا عارف کا کہنا تھا کہ اسرائیل جارح ردعمل کا منتظر رہے ۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عرقچی نے تہران پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی مراکز پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں‘ یہ حملے غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی نسل کشی سے الگ نہیں کیے جاسکتے۔ ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد کشیدگی بڑھنے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج پیر کو طلب کر لیا گیا۔ ایران نے اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کرتے ہوتے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔