آئی پی پیز نے 9 کھرب 79 ارب روپے کپیسٹی چارجز کی مد میں وصول کیے:انکشاف

108
End contracts voluntarily

اسلام آباد:ملک میں آئی پی پیز کی جانب سے 9کھرب 79ارب روپے کپیسٹی چارجز کی مد میں وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت پانی وبجلی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریری جواب جمع کروایا گیا ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک میں 33  آئی پی پیز نے 2023ء میں جولائی سے 2024ء کے جون تک کپیسٹی چارجز کے نام پر 9 کھرب 79 ارب 29 کروڑ روپے کی وصولیاں کی ہیں۔

قومی اسمبلی میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق چائنا پاور حب جنریشن کمپنی نے کپیسٹی چارجز کے نام پر 137 ارب روپے وصول کیے ہیں۔ اسی طرح ہیونخ شندوم انرجی کی جانب سے بھی کپیسٹی چارجز کی مد میں 113 ارب روپے کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی نے صارفین سے کپیسٹی چارجز کے 120 ارب 37 کروڑ روپے لیے جب کہ کوئلے  سے چلنے والی 8 والی آئی پی پیز نے مجموعی طور پر 7 کھرب 18 ارب روپے کپیسٹی چارجز کی مد میں وصول کیے ہیں۔

علاوہ ازیں گیس سے چلنے والی گیارہ آئی پی پیز نے بھی کپیسٹی چارجز کے نام پر 72 ارب 63 کروڑ روپے اورپن بجلی سے چلنے والی3 آئی پی پیز نے 106 ارب روپے وصول کیے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فرنس آئل سے چلنے والی11 آئی  پی پیز نے بھی کپیسٹی چارجز کے نام پر 81 ارب 60 کروڑ وصول کیے ہیں۔