کیا اسرائیل نے ایران کا میزائل ڈیفینس سسٹم تباہ کردیا؟

241

تہرن:ایران پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے سے بہت بڑے پیمانے پر نقصان واقع ہوا ہے مگر ایرانی قیادت اس معاملے میں خبریں بظاہر دبارہی ہے۔ مغربی میڈیا نے مختلف رپورٹس میں بتایا ہے کہ ایران کے طول و عرض میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں نے غیر معمولی تباہی مچائی ہے مگر ایران اس حوالے سے معلومات کا بہاؤ روک رہا ہے تاکہ قوم اور فوج کا مورال نہ گرے۔

اسرائیلی فوج نے یہ دعوٰی بھی کیا ہے کہ حملے میں ایران کے اُن اداروں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا جو ڈرون اور میزائل تیار کرتے ہیں۔ ایران میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کے حوالے سے غیر معمولی مہارت کا حامل ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی میزائل تیار کرنے والی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور اب میزائل بنانے کی استعداد بحال کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

امریکا کے معروف اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں کے حملوں میں ایران کا میزائل ڈیفینس سسٹم S-300 تباہ ہوگیا۔ یہ میزائل ڈیفینس سسٹم روس نے 2016 میں دیا تھا۔ روس نے اس کے بعد S-400 سسٹم تیار کیا جو اپ گریڈیڈ ہے اور کئی ممالک اُسے خرید بھی چکے ہیں۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت حملے سے پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات سامنے لانے سے واضح طور پر گریز کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے 23 مقامات کو نشانہ بنایا۔ ایران کی ایٹمی اور تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے سے واضح طور پر گریز کیا گیا کیونکہ اس سلسلے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی قیادت سے بات کی تھی اور اُسے ایسا کرنے سے روکا تھا۔