جی سیون کا مشرق وسطی میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار

106

لندن:گروپ آف سیون ( جی سیون) ممالک کے رہنماؤں نے  مشرق وسطی میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی  حملوں اور جوابی کارروائیوں کے خطرناک چکر سے مشرق وسطی میں بے قابو کشیدگی میں اضافے کا خطرہ ہے جو کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جی سیون کے رہنماؤں نے مزید کہاکہ ہم غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی، انسانی امداد میں نمایاں اور پائیدار اضافے اور تنازع کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ عالمی ادارے اور عالمی انصاف عدالت مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشید گی پر ذمہ داری اور تحمل سے کام لیں،خطے میں تنازعات میں مزید اضافے سے بچنے کے لیے مربوط کوششوں اور اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ جی سیون گروپ میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، کینیڈا اور جاپان شامل ہیں.