پاکستانی مصنوعات ی افریقی ممالک تک رسائی یقینی بنائی جائے،احمد ادریس چوہان

128

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ایک خصوصی وفد نے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان کی قیادت میں پانچویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نمائش، ٹیکسپو 2024 میں شرکت کے لیے کراچی ایکسپو سینٹرکا دورہ کیا۔ اِس نمائش کا اہتمام ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے کیاتھا اور اِس کا مقصد پاکستان کے ٹیکسٹائل اور چمڑے کے شعبے کو عالمی سطح پر فروغ دینا تھا۔ اس نمائش میں دنیا بھر سے سیکڑوں نمائش کنندگان اور غیر ملکی خریدار شریک ہوئے جس نے پاکستان کی برآمدات کے فروغ میں ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل کی۔ حیدرآبادچیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد نے نمائش کے دوران ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر موتی والا، سیکرٹری ٹڈاپ شہریار تاج، ڈائریکٹر جنرل باسط رئوف، ڈپٹی ڈائریکٹر امانت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان جوکھیو اور ڈپٹی منیجر مسرور احمد کورائی سے ملاقات کی۔ ٹڈاپ کے حکام نے چیمبر وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ایکسپو کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر احمد ادریس چوہان نے ٹڈاپ کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹڈاپ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان سپلائی چینز اور ای کامرس میں ڈیجیٹل تبدیلیاں لا کر پاکستان کی برآمدات کو بہت بہتر بنا سکتا ہے۔ حیدرآباد چیمبر کے وفد نے افریقاکے مختلف ممالک سے آئے ہوئے غیر ملکی وفود سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں افریقی وفد کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی افریقا میں برآمدات میں حائل قانونی و شپنگ رکاوٹوں کے بارے میں بتایا گیا جس کی وجہ سے پاکستانی مصنوعات معیار بہتر ہونے کے باوجود افریقی مارکیٹ میں دوسرے ممالک سے مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام صدر چیمبر احمد ادریس چوہان نے افریقی وفد کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور قانونی و شپنگ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹڈاپ سمیت پاکستانی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بات کر کے اِن مسائل کو جلد اَز جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔