مری میں سیاحوں کے لیے ونٹر پلان بنانے کا فیصلہ

116

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ملک کے معروفی سیاحتی مقام مری کی ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کیلئے ونٹر پلان تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا، کمشنر نے آر پی او اور ڈی سی کے ہمراہ مری کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے سیاحتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے مری کی ضلعی انتظامیہ کو برفباری کے موسم کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد کو سنبھالنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے موسم سرما کے لیے ونٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جنوری 2022ء میں مری کے پہاڑی قصبے میں برف میں پھنس کر 22 افراد المناک طور پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ علاقے میں ٹریفک کے انتظام اور دیگر چیلنجز کے لیے موسم سرما کا منصوبہ تیار کرے۔ معلوم ہوا ہے کہ کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ایک میٹنگ کی جس میں ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، اس دوران موسم سرما کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، میٹنگ میں سہولتی مراکز کے قیام، کنٹرول روم کے قیام اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے جیسے انتظامات کا احاطہ کیا گیا۔