کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی شیطان امریکا کی سرپرستی اور سہولت کاری سے ناجائز صہیونی ریاست نے پوری دنیاکے امن کو تہ وبالا کرنے کا تہیہ کرلیا ہے، برادر اسلامی ملک پر دوسری مرتبہ فضائی حملے نے اسرائیل کے ناپاک اور مذموم مقاصد کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، عالم اسلام خاموش تماشائی بننے کے بجائے ناجائز یہودی ریاست کیخلاف جائز اقدامات کرے ورنہ فلسطین، لبنان، شام اور ایران کے بعد کسی دوسرے اسلامی ملک کی باری بھی آسکتی ہے۔موجودہ حکمران ٹولے نے جس طرح سے 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے اختیارات کو محدود اور سینئرموسٹ جج منصورعلی شاہ کے بجائے جونیئر جج کو لگایا ہے اس سے لگتا ہے کہ عدالت عظمیٰ کو بھی اپنے گھر کی باندی بنانا چاہتے ہیں جس کیخلاف جماعت اسلامی نے بھرپور احتجاج اور ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں نومنتخب امیر ضلع ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق امیر ضلع قاری ابو زبیر جکھرو،لاڑکانہ بار کے سابق صدر ایڈووکیٹ عاشق دھامراہ اور مقامی امیر رمیز راجا شیخ نے بھی خطاب کیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سندھ کے عوام اور صوبے کی مفادات کے خلاف ہر قسم کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی دریائے سندھ پر مزید 6 کینال اور ہاکس بے سمیت سندھ کے قیمتی زمینوں کو عسکری اداروں کے حوالے کرنے کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔