قائداعظم ٹرافی :وقاراحمد، صاحبزادہ فرحان، حسن رضا اور دانش عزیز کی سنچریاں

30

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا گزشتہ روز آغاز ہوگیا۔ پہلے روز کے کھیل کی خاص بات وقار احمد، صاحبزادہ فرحان،حسن رضا اور دانش عزیز کی سنچریاں تھیں۔ صاحبزادہ فرحان اور وقار احمد نے پہلی وکٹ کے لیے 217 رنز کی شراکت قائم کی۔ اشفاق گراؤنڈ چارسدہ میں پشاور نے دفاعی چیمپئن کراچی وائٹس کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر365 رنز بنائے تھے۔ وقاراحمد نے140 اور صاحبزادہ فرحان نے 100 رنز اسکور کیے۔ان دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 217 رنز کا اضافہ کیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے256 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد شہزاد نے 78 رنز اسکور کیے۔ جہانداد خان نے 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 55 رنز بنائے تھے۔ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں لاہور وائٹس نے فیصل آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے۔

اطیب احمد69 کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ خرم شہزاد نے4 وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں اسلام آباد کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسن نواز 29 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عادل ناز نے 33 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایبٹ آباد نے کھیل ختم ہونے پر 8 وکٹوں پر90 رنز بنائے تھے۔ نصرت اللہ نے 13 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم بہاولپور کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 238 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ حسن رضا نے105 رنز اسکور کیے۔علی شبیر اور عمران رندھاوا نے3,3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بہاولپور نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنائے تھے۔ جناح اسٹیڈیم گوجرانوالا میں فاٹا نے سیالکوٹ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں پر316 رنز بنائے۔محمد فاروق 75 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اسپورٹس سٹی لاہور میں ڈیرہ مراد جمالی نے لاہور بلوز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 254 رنز اسکور کیے۔ دانش عزیز نے 102رنز کی اننگز کھیلی۔ رانا نوید اکیڈمی شیخوپورہ میں کوئٹہ کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شہباز خان نے 47 رنز اسکور کیے۔تابش خان نے 55 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی بلوز نے کھیل کیاختتام پر 51 رنز بنائے تھے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ نجیب اللہ نے 13 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں حیدرآباد نے لاڑکانہ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر309 رنز بنائے۔ گوہرعلی 81۔ محمد صدام 76 اور محمد سلیمان 84 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔