شمالی کوریا کے فوجی بہت جلد محاذ پر ہوں گے ‘ یوکرین کا واویلا

51

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان کی فوج کو جلد ہی ایک نئے دشمن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ شمالی کوریا کے فوجی بہت جلد جنگی علاقوں میں تعینات ہو سکتے ہیں۔خبررساں اداروں کے مطابق یوکرین، امریکا اور دیگر مغربی ممالک نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں کہ شمالی کوریا پہلے ہی ہزاروں فوجی روس بھیج چکا ہے۔ زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انہیں ایک اعلیٰ کمانڈر نے بتایا کہ شمالی کوریائی اہلکاروں کو کس طرح استعمال کیا جائے گا۔ادھر شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوج بھیجنے کا کوئی بھی فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہو گا۔بیان میں نے زور دیا کہ وزارت اس معاملے میں براہ راست ملوث نہیں ہوتی اورعلاحدہ طور پر اس کی تصدیق کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتی۔ اس سے قبل جنوبی کوریا کے حکام نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ ناٹو اور یورپی یونین کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے کے لیے آیندہ ہفتے کے اوائل میں ایک وفد بلجیم بھیجیں گے۔ اس دورے میں نیشنل انٹیلی جنس سروس اور دفاع اور خارجہ کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔