سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے دیہات پر حملے ‘ 50 افراد ہلاک

76
سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملے کے باعث مکانات تباہ ہوگئے ہیں

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں فوج کے ساتھ برسرپیکار ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملوں کے نتیجے میں 50 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حملوں میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق طبی امداد دیہات تک نہیں پہنچی اور زخمیوں کا علاج نہیں ہوسکا،جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ سوڈانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ ریاست کے مشرق میں واقع دیہات اور قصبوں کو ریپڈ فورسز کے انتقامی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں متاثرین کی تعداد کا تخمینہ سیکڑوں کی تعداد میں ہے اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کی فوری اور شدید مذمت کرے اور مجرموںکو پکڑنے کے لیے اقدامات کرے۔عالمی برادری سوڈان میں ہتھیاروں اور کرائے کے فوجیوں کی ترسیل کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ واضح رہے کہ ریپڈ فورس کی سینئر شخصیات میں سے ایک صوبہ سیزرا کے کمانڈر ابو عقیل کیکل نے 20 اکتوبر کو ریپڈ فورس سے دستبردار ہو کر فوج میں شمولیت اختیار کر لی تھی،جس کے بعد باغی فورسز کی جانب سے وہاں کے دیہات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔