ایشیائی ترقیاتی بینک کا 50 کروڑ ڈالر قرض فراہمی کا عندیہ

64

واشنگٹن (آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتسوگو اساکاوا سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں ملاقات، ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے 50 کروڑ ڈالر قرض کی فراہمی کا عندیہ دیدیا، رقم ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام پر خرچ کی جائے گی۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو نئے قرض کی منظوری پر غور کرے گا، وزیر خزانہ نے پالیسی بیسڈ لون کی منظوری کیلیے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت میں اے ڈی بی کی شراکت کو سراہا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اگلے 3 سال کیلیے پاکستان کو زاید سرچارجز سے چھوٹ دینے پر اے ڈی بی کی تعریف کی، دونوں فریقین نے ملکی محصولات میں اضافے، علاقائی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ بعدازاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن(ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیما الیحی، موڈیز کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے نمائندوں، امریکی ایکسپورٹ۔ امپورٹ (ایگزم) بینک کی صدر ریتا جو لیوس سے بھی ملاقاتیں کی جس میں مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔