کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے MDCAT دوبارہ لینے کے حکم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں بد انتظامی و نا اہلی کی انتہاہو گئی ہے ،پیپلز پارٹی کی حکومت کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور بد انتظامی کی سزا طلبہ کو بھگتنا پڑ رہی ہے ، ہزاروں طلبہ و طالبات کو اب ایک بار پھر تھکا دینے والے عمل سے گزرنا ہوگا ۔ ایم ڈی کیٹ کا پر چہ لیک ہونے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں ، اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ آئندہ یہ سارا عمل صاف اور شفاف ہوگا۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ 22ستمبر کو ہونے والے MDCAT کے دوران شدید بد انتظامی اور نا اہلی کے باعث ہزاروں طلبہ و طالبات کو سخت گرمی میں شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور پورے کراچی میں صرف 2امتحانی مراکز قائم کیے گئے جو طلبہ و طالبات کی تعداد کے حساب سے کم تھے جبکہ دوسری طرف پرچہ لیک ہونے سے پورا امتحانی عمل اور اس کے نتائج متنازع بن گئے اور ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران ہزاروں طلبہ و طالبات بے یقینی کا شکار رہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیکل کالجوں کے داخلے کے پورے عمل اور طریقہ ٔ کار کو مستقل بنیاد پر صاف اور شفاف بنایا جائے اور پرچہ لیک کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔