پارٹی کا شوکاز نوٹس:پی ٹی آئی ایم این اے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے مستعفی

84

اسلام آباد:پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیے جانے پر پی ٹی آئی کے ایم این اے زین قریشی نے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے استعفا دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق زین قریشی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر قومی اسمبلی میں اپنے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے استعفا دینے کا اعلان کیا، انہوں نے اپنے فیصلے کی وجہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے اظہار وجوہ (شوکاز) نوٹس کو قرار دیا ہے۔

زین قریشی نے ایکس پر لکھا کہ میں نے پارٹی کے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ شفاف انکوائری اور پارٹی کے حامیوں کے جذبات کو مانتے ہوئے میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ میں اپنی جماعت، اپنے رہنما عمران خان اور اپنے والد کا وفادار تھا، اب بھی ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا۔

یاد رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی میں حکومت کی حمایت کرنے پر پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے 6 ارکان کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔