سوڈان:پیرا ملٹری فورس کے حملوں میں 124 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

117

خرطوم:سوڈان میں پیرا ملٹری فورس کے حملوں میں 124 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سوڈان میں گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران سب سےبڑا خونریز حملہ کیا گیا ہے، جس میں پیرا ملٹری فورس (ریپڈ سپورٹ فورسز) کی جانب سے ریاست الغیزیرا میں حملہ کیا گیا، جس میں 124 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

مقامی سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایس ایف کی جانب سے انتقامی کارروائیوں میں سیکڑوں ہلاکتیں ہو رہی ہیں، اس کے علاوہ گرفتار کیے گئے شہریوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جب کہ ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر دربدر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب ریپڈ سپورٹ فورس کی جانب سے ریاستی فوج پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اس ریاست میں ان کے خلاف شہریوں کو اسلحہ فراہم کررہی ہے، جس کی وجہ سے یہاں آر ایس ایف حملے کرنے پر مجبور ہے۔ سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کئی گاؤں ایسے ہیں جہاں قتل عام کیا جا رہا ہے۔