پشاور: پی ٹی آئی رہنما اور ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ہمیں عدالتوں سے کوئی اُمید نہیں، خود کچھ کریں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پی ٹی آئی کے پی کے کا جرگہ ہوا، جس میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سے حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کیا گیا۔ جرگے میں پارٹی رہنما شیر افضل مروت اور دیگر شریک تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ ملک میں اس وقت ظلم کا نظام چل رہا ہے۔ پارٹی کے رہنما ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں، جس کے نتیجے میں ہم خود ایک دوسرے کو آگے بڑھنے سے روکنے کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور یہاں لوگ اور کارکن ان ہی کی مخالفت میں باتیں کررہے ہیں۔ صوبائی وزرا پر بدعنوانیوں کے الزام لگ رہے ہیں اور ہمارے اپنے لوگ ہی پختونخوا حکومت پر ناقص کارکردگی کے الزامات عائد کررہے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو بتاؤں گا کہ جن پولیس والوں نے ہماری جماعت پر مظالم ڈھائے اور ہم فخر سے بتاتے تھے کہ ان پولیس افسروں کو ہتھکڑیاں لگا کر جیلوں میں بند کریں گے، ان پولیس اہل کاروں کو صوبائی حکومت انعام اور اعزاز سے نواز رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی مہم خود شروع کریں گے، اس سلسلے میں ہمیں انتظامیہ یا عدالتوں سے کوئی توقعات وابستہ نہیں ہیں، جو کرنا ہوگا خود کریں گے۔ ظلم کے نظام کے خلاف آواز بلند کریں گے۔