ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد سندھ میں بد انتظامی و نا اہلی کی انتہا ہے، منعم ظفر

109

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد سندھ میں بد انتظامی و نا اہلی کی انتہا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دوبارہ لینے کے حکم پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں بدانتظامی و نا اہلی کی انتہاہو گئی ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور بد انتظامی کی سزا طلبہ کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں طلبہ کو اب ایک بار پھر تھکا دینے والے عمل سے گزرنا ہوگا۔ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ لیک ہونے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ آئندہ یہ سارا عمل صاف اور شفاف ہوگا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ22ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے دوران شدید بد انتظامی اور نا اہلی کے باعث ہزاروں طلبہ کو سخت گرمی میں شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور پورے کراچی میں صرف 2امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جو طلبہ و طالبات کی تعداد کے حساب سے کم تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ پرچہ لیک ہونے سے پورا امتحانی عمل اور اس کے نتائج متنازع بن گئے اور ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران ہزاروں طلبہ بے یقینی کا شکار  رہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیکل کالجوں  کے داخلے کے پورے عمل اور طریقہ کار کو مستقل بنیادوں پر صاف اور شفاف بنایا جائے اور پرچہ لیک کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔