سعودی عرب، امارات اور دیگر ممالک کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

181

ریاض، ابوظبی: سعودی عرب، امارات اور دیگر ممالک نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق  اسرائیل کی جانب سے ایران پر  کیے گئے جارحانہ حملوں کے ردعمل میں سعودی عرب، یو اے ای، ملائیشیا، عمان اور دیگر ممالک نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سےاس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتی ہے۔ اسرائیل کے ایران پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ریاض سے جاری بیان  میں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے  کی اپیل کرتے ہوئےزور دیا گیا ہے کہ عالمی برادری ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی اور خطے میں جاری تنازعات کے خاتمے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارت نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں  کی شدید مذمت کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، علاقائی سلامتی اور استحکام پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اُدھر ملائیشین وزارت خارجہ نے بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوئی اور علاقائی استحکام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ عمانی وزارت خارجہ نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملے کو ایران کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔