اسرائیل کا جنوبی لبنان میں حملہ، تین صحافی شہید

103

بیروت : اسرائیلی کی جانب سے جنوبی لبنان پر حملے میں تین صحافی شہید ہوگئے جبکہ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شام کے ساتھ سرحد پر صہیونی جارحیت کے سبب محفوظ مقامات پر جانے کی کوشش کرنے والے پناہ گزینوں کو رکاوٹ کا سامنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ میں لبنان کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا گیا کہ جنوبی لبنان میں صحافی غسان نجار، محمد ریڈا اور وسام قاسم شہید ہوگئے ہیں جبکہ دیگر زخمی ہیں، مزید کہنا تھا کہ یہ حسبایا کے گیسٹ ہاسز میں ٹھہرے ہوئے تھے، پہلے نشانہ نہ بنائے جانے والے قصبے پر صبح 3 بجے حملہ کیا گیا۔

اس سے قبل رپورٹنگ کرتے ہوئے گزشتہ اسرائیلی حملوں میں پانچ صحافی شہید ہو گئے تھے، جن میں رائٹرز کے صحافی عصام عبداللہ بھی شامل تھے۔

لبنان کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ جنگی جرم ہے، 6 میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 18 صحافی مارے گئے ہیں۔

لبنان کے نشریاتی ادارے الجدید کے مطابق نیچے اڑنے والے ہوائی جہاز کی آواز سے ہم اٹھ گئے، اور پھر ہمیں 2 میزائلوں کی آواز سنائی دی۔فوٹیجز میں تباہ ہونے والی کاروں کا دکھایا گیا ہے، جس میں متعدد پر پریس لکھا ہوا تھا۔لبنان کے وزیر ٹرانسپورٹ علی حمیح نے بتایا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں جوزیہ کراسنگ بند ہو گئی ہے، اب شام جانے کا واحد شمالی راستہ رہ گیا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے کہا کہ حملے پناہ گزینوں کے جانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں، ترجمان یو این ایچ سی آر رولا امین نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے بعد 4 لاکھ 30 ہزار کے قریب افراد سرحد پار گئے ہیں۔