بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق جلد خوش خبری ملے گی، وفاقی وزیر اطلاعات

89
Some have settled the Taliban

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے قوم کو جلد خوش خبری ملے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز کو بند کیا جا چکا ہے اور اب مزید 8 آئی پی پیز ے ساتھ دوبارہ مذاکرات کے بعد معاہدوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔ قوم کو اس سلسلے میں جلد اچھی خبریں ملیں گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی بجلی کی قیمتوں کے معاملے پر مکمل توجہ ہے۔ رواں سال وفاقی حکومت نے ایک یونٹ سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 50 ارب روپے جب کہ حکومت پنجاب نے 201 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 45 ارب روپے کی سبسڈی دی۔

انہوں نے کہا کہ اس سبسڈی کے علاوہ ہر سال وفاقی حکومت 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کنزیومرز کو 276 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرتی ہے، کے الیکٹرک کو 174 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔لائف لائن اور نان لائف لائن کنزیومرز کو سالانہ بنیادوں پر سبسڈی فراہم کی جاتی ہے، اس سال صارفین کو زیادہ سبسڈی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ 5 آئی پی پیز کو بند کر دیا گیا ہے، اس اقدام سے معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا اور کپیسٹی پے منٹس میں کمی واقع ہوگی۔ جولائی سے ستمبر 2024تک سبسڈی، فیول اخراجات ، ایڈجسٹمنٹ اور پانچ آئی پی پیز کے بند ہونے سے بجلی کے بلوں پر بہت بڑا فرق آیا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 8 مزید آئی پی پیز کے حوالے سے قوم کو خوشخبری دیں گے۔ ان کے ریٹس کم کیے گئے ہیں جس سے کئی سو ارب روپے کی بچت ہوگی۔ سردیوں میں بجلی کے بل کم آتے ہیں، اگلی گرمیوں کے موسم سے پہلے بجلی کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔