آئی ایم ایف نے پاکستان میں اگلے سال مہنگائی میں مزید کمی کی نوید سنادی

187
Pakistan and the IMF

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان میں آئندہ برس مہنگائی میں مزید کمی آنے کی نوید سنا دی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اگلے سال تک مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف کے  ڈائریکٹر مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا جیہاد ایزور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 29 سے کم ہوکر 12.6 فیصد تک گری ہے اور امید ہے کہ آئندہ برس یہ مزید کم ہوکر 10.6 فی صد تک جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستانی معیشت 3.2 فی صد کی شرح سے ترقی کرے گی، جوکہ معاشی بہتری کے لیے بہت مثبت اشارہ ہے۔

آئی ایم ایف کے عہدیدار نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت کے اصلاحاتی پیکیج کےکئی اہم مقاصد ہیں،مالی استحکام کا حصول، آمدنی میں اضافہ، خسارے میں کمی ترجیحات ہیں۔ اسی طرح ٹیکس وصولی میں بہتری اورمسائل حل کر کے آمدنی بڑھائی جا سکتی ہے،ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات بھی اہم ترجیحات میں شامل ہیں اس سے پاکستان میں نجی شعبے کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان میں  براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی معیشت کو زیادہ برآمدی صلاحیت حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنے گا۔ مالیاتی پالیسی مہنگائی میں کمی اور سرمائے کی روانی میں رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ہے، اس سے کرنٹ اکاؤنٹ پر بوجھ کم ہوگا، معیشت میں استحکام آئے گا اور مالیاتی خطرات میں کمی اورتوانائی شعبے میں بہتری آئے گی۔