یورپ میں پولیو پھیلنے کا خدشہ،عالمی ادارہ صحت نے سخت اقدامات کا مطالبہ کردیا

127
demanded strict measures

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یورپین یونین کے رکن ممالک میں پولیو وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے اور یورپین یونین کا پولیو فری اسٹیٹس ختم ہوسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے 24 اکتوبر کو عالمی یوم تحفظ پولیو کے موقع پر جاری کردہ اپنی رپورٹ میں یورپین یونین کے رکن ممالک میں پولیو کی تشخیص اور اس سے بچائو کے لیے اٹھائے گئے انتظامات پر اظہار تشویش کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگرچہ 2023 کی رپورٹ کے مطابق یورپین یونین کے ارکان ممالک میں کہیں بھی پولیو وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی، تاہم خطے میں مذکورہ وائرس سے تحفظ کے اقدامات سست روی کا شکار ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے یورپین یونین کے ارکان ممالک میں دوبارہ پولیو وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پولیو وائرس کے نمونوں کی تشخیص اور اس سے بچائو کے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق خصوصی طور پر یورپین یونین کے 6 رکن ممالک میں پولیو کے دوبارہ پھیلنے کے امکانات ہیں، مذکورہ ممالک خطرے سے دوچار ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق آسٹریا، بیلجیم اور رومانیہ سمیت یورپین یونین کے 6 ممالک میں پولیو کے دوبارہ پھیلنے کا سخت خدشہ ہے، اس لیے وہاں تحفظ کے اقدامات سخت کیے جائیں۔

علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت نے فلسطین، اسرائیل اور دیگر جنگ زدہ ممالک میں بھی پولیو کے مزید پھیلنے کا امکان بھی ظاہر کیا۔