چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پیر کو فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا

71
Justice of Pakistan Yahya Afridi

اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پیر کے روز (28 اکتوبر کو) فل کورٹ اجلاس دوپہر ایک بجے طلب کرلیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیف  جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج ایوان صدر میں اپنے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد پیر کے روز فل کورٹ اجلاس طلب کرنے کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے انتظامی  ججز کا اجلاس بھی 7 نومبر کو طلب کرلیا ہے، جس میں  عملدرآمد رپورٹس بھی لانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فل کورٹ اور اے ٹی سی کورٹس کے اجلاس سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بھی 8 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے حلف اٹھانے کے بعد 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک کا ججز روسٹر جاری کردیا۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت جاری روسٹر کے مطابق  سپریم کورٹ کے 8 بنچز 28 اکتوبر سے مقدمات کی سماعت کریں گے۔

 بینچ نمبر 1 چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہوگا جب کہ بینچ 2 میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہونگے۔ بینچ 3 جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح بینچ نمبر 4 میں جسٹس جمال مندو خیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہیں۔

بینچ 5 جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی، بینچ 6 میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس عقیل عباسی، بینچ 7 جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ 8 جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہوگا۔