برطانیہ میں جعلساز 10 کروڑ روپے سے زائد کا پنیر اینٹھ کر رفوچکر

134

لندن: برطانیہ میں ایک جعل ساز کمپنی سے 10 کروڑ روپے  مالیت سے زائد کا پنیر اینٹھ کر رفوچکر ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ میں ایک جعل ساز نے منصوبہ بندی کے تحت ہیرا پھیری کے ذریعے کمپنی سے 22 ٹن سے زیادہ وزنی لگژری چیڈر چیز (پنیر) اینٹھ لیا۔ کمپنی کے مالکان کا کہنا ہے کہ جعل ساز نے فرانسیسی خریدار ہونے کا ڈھونگ رچایا اور 3 لاکھ پاؤنڈ سے زائد (10 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد)مالیت  کا پنیر لے کر رفوچکر ہوگیا۔

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کو جب تک خریدار کے جعل ساز ہونے کا پتا چلا، اس وقت تک وہ تقریباً ساڑھے 9 سو پنیر ارسال کر چکے تھے، تاہم اتنے بڑے نقصان کے باوجود کمپنی کی جانب سے چھوٹے درجے کے پنیر سپلائی کرنے والے کاروباری افراد کو وعدے کے مطابق ان کی مکمل ادائیگی کردی ہے۔

مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کمپنی کا کہنا تھا کہ جعل ساز نے تین مختلف اقسام کے پنیر لیے، جن میں ہیفوڈ ویلش اوگینک چیڈر، ویسٹ کومب چیڈر اور پچ فورک چیڈر شامل ہیں۔