الخدمت کے زیراہتمام دیوالی تقریبات میں 1200 خاندانوں کو فوڈ پیکیجز اور تحائف فراہم

109

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام دیوالی تقریبات میں 1200 خاندانوں کو فوڈ پیکیجز اور تحائف فراہم کیے گئے۔

کمیونٹی سروسز الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی مناسبت سے ملک بھر میں منعقدہ تقریبات کے دوران مرکزی نائب صدرذکراللہ مجاہد ودیگرذمے داران نے 1200 خاندانوں کو راشن، کپڑے اور چوڑیوں سمیت دیگرامدادی سامان فراہم کیا۔

ذکراللہ مجاہد نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے ہندو محب وطن ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا مقصد بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مذہب،مسلک، رنگ ونسل سے بالاترہوکردکھی انسانیت کے لیے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے   ۔رمضان المبارک اور عید ین پر مسلم کمیونٹی،کرسمس پر مسیحی برادری سمیت   اقلیتی کمیونٹی کے تہواروں کے موقع پر ہرسال مستحق اور نادارخاندانوں کوفوڈ پیکیج سمیت دیگرتحائف فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت اورفرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کی جائے اور مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کوفروغ دیا جائے۔

ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ کمیونٹی سروسز نے میر پور خاص، عمر کوٹ، حیدر آبار، گھوٹکی، بہاولپور اور مظفر گڑھ سمیت ملک کے دیگرشہروں میں منعقدہ دیوالی تقریبات میں مستحق اور نادارخاندانوں کو امدادی سامان اور تحائف فراہم کیے ہیں۔