راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 344رنز پر آئوٹ

143
راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے مناظر اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد کھیل سے لطف اندوز ہورہی ہے

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں344 رنز بنا آئوٹ ہوگئی، سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کی، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24رنز بنا لئے اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لئے مزید 53 رنز درکار ہیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے 267 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 73 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ آغاز کیا تو شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دوسرے دن کے آغاز میں کپتان شان مسعود اور سعود شکیل کی شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور 99کے مجموعے پر پاکستان نے اپنی چوتھی وکٹ کھو دی جب شان مسعود 70 گیندوں پر 26 رنز بنا کر شعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔151 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 46 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ 155 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو ریحان احمد نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔ پاکستان کا7 واں کھلاڑی 177 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گیا جب عامر جمال 28 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔اس موقع پر سعود شکیل نے نعمان علی کے ساتھ مل کر ا سکور کو آگے بڑھانے کاسلسلہ شروع کیا اور مجموعی اسکور کو 265 تک پہنچا دیا، نعمان علی نے 84 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور شعیب بشیر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔