راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔دورے کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کھیل کے فروغ اور دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد ملک میں امن و امان کے قیام اور کھیلوں کے فروغ کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات نہ صرف عوام کو خوشی فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو بھی مثبت سرگرمیوں میں شامل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا کے گرائونڈز آباد ہوں ، قومی ٹیم میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی اکثریت ہے مگر گزشتہ 12 سال میں صوبہ کی فرسٹ کلاس کرکٹ کا کوئی میچ نہیں ہوا ، میری کوشش ہے کہ صوبہ کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے روشن کریں ۔ گورنر نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے حکام سے ملاقات میں کھیل کے حوالے سے مختلف پہلئوں پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں پاکستان میں کھیل کے بہترین ماحول کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پی سی بی کے حکام کے ساتھ بھی کرکٹ کی ترقی کے لئے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید ٹیمیں پاکستان آئیں گی جس سے کھیلوں کے شعبے میں ترقی کے مواقع مزید بڑھیں گے۔انہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود شائقین سے بھی ملاقات کی اور ان کے جوش و خروش کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور دعا کی کہ پاکستانی ٹیم اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے۔