اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنا ہے ،ملک میں جلد تمام کھیلوں کے میدان آباد نظر آئیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے کھیل اولمپئن خواجہ جنید اور صدر مسلم لیگ (ن)ہالینڈ چوہدری پرویز سندھیلہ نے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کھیل کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیل کے میدان سے منسلک کرنے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اولمپین خواجہ جنید نے کھیل کے میدان آباد کرنے کے حوالے سے پروگرام کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ جرمنی کی جونیئر ہاکی قومی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل سے منسلک کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری ہے اور جرمنی کی ٹیم مارچ یا اپریل میں پاکستان آئے گی، جس سے ملک میں ہاکی کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔