امریکا غزہ میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، پروفیسر محبوب

30

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پراہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد مدینہ ٹائون،غلام محمدآباد،گلستان کالونی،سمن آباد، گلفشاں کالونی جھنگ روڈ،پیپلزکالونی سمیت شہر کی مرکزی مساجد کے سامنے مظاہرے کئے ۔یہ مظاہرے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی اور مظالم کے خلاف حماس کی اپیل پر دنیا بھر میں کئے گئے ہیں۔ علمائے کرام نے بھی مساجد میں نماز جمعہ کے خطبات میں فلسطین کی تحریک آزادی، مجاہدین کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ عالم اسلام کے حکمران نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کل کسی اور ملک کو بھی نشانہ بناسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک بھر کے عوام،تاجر، وکلاء، ڈاکٹرز، اساتذہ، طلبہ،علمائے کرام اور باپردہ خواتین سمیت ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد نے گھروں ،دفاتر،تعلیمی اداروں سے نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا ہے۔اسرائیل نابود و برباد ہوکر رہے گا، بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا اور مسلمان قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے۔قائد اعظم کے فرمان کے مطابق بھی اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اسے کسی طور پر بھی تسلیم نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہہ امریکا انسانیت کا قاتل ہے، امریکا غزہ میں نسل کشی کروانے کیلئے اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ ایک سال سے جاری ظلم امریکا کی پشت پناہی میں جاری ہے جو مسلم امہ کے حکمرانوں کو نظر نہیں آرہا۔ 57 ممالک کے فوجیں جنہوں قبلہ اول کا تحفظ کرنا تھا آج وہ خاموشی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ اہل غزہ و فلسطین نے اسرائیل کا غرور جزبہ جہاد اور شوق شہادت کی بدولت خاک میں ملا دیا۔ اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار شہید کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی شہادت نے نیا جذبہ پیدا کر دیا ہے۔ ایک جانب نسل کشی ہورہی ہے دوسری جانب جذبہ جہاد سے سرشار نوجوان سینہ سپر کھڑے ہیں۔