میر پور خاص، گھرسے خاتون کی تشدد زدہ نعش برآمد

106

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) مہاجر کالونی میں گھر سے مبینہ طور پر تشدد زدہ خاتون کی لاش برآمد، ورثا کی جانب سے واقع کو ڈکیتی کا رنگ دے کر اسے چھپانے کی کوشش، پولیس نے رات گئے واقع کی اطلاع پر نعش پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق خاتون کی گردن پر نشانات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مہاجر کالونی کے رہائشی حیسکو کے سابق ملازم سلیمان منصوری کے اہل خانہ کسی دعوت میں گئے ہوئے تھے جب دعوت سے واپس گھر آئے تو 60 سالہ سلمیٰ مردہ حالت میں پائی گئی جس کی نعش کو ورثا نجی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کی موت کی تصدیق کردی۔ واقعے کی اطلاع اہل محلہ کو ملنے اور شور شرابا ہونے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی پولیس کے پہنچنے پر ورثا کی جانب سے معاملے کو چھپانے کیلئے نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا گیا لیکن پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا ۔اس حوالے سے ایس ایچ او ٹائون پولیس اسٹیشن کامران ہالیپوٹو نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچے تو ورثا نے مؤقف اختیار کیا کہ گھر میں ڈکیتی کی واردات رونما ہوئی اور مزاحمت پر خاتون کو قتل کر دیا گیا لیکن ہماری تفتیش کے مطابق معاملہ ڈکیتی کا نہیں ہے گھر میں طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان موجود ہے اس لئے ڈکیتی کی واردات نہیں معاملہ گھریلو جھگڑے کا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق نعش 6 گھنٹے پرانی ہے اور اس کی گردن پر نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نعش کا پوسٹ مارٹم کے بعد اصل صورت حال پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہو گی جس کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔