نفاذ اسلام کیلیے مدارس کے طلبہ ہمارا ساتھ دیں ، مونالا ہدایت الرحمن

70

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ، رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ مدارس وعصری تعلیمی اداروں کے طلبہ ،علمائے کرام اورنوجوان جماعت اسلامی کے ممبربن کر مسائل کے حل ،نفاذ اسلام اورحقوق کے حصول کی جدوجہدمیں ہمارا ساتھ دیں جمعیت طلبہ عربیہ کی دینی مدارس کے طلبہ کے درمیان یکجہتی واتحاد اورطلبہ برادری کی خدمت کے حوالے سے نمایاں کارکردگی ہے بلوچستان کے عوام روزگار کاروبار تجارت اور تعلیم وعلاج کیلئے پریشان ہیں بدعنوانی نااہلی اقرباء پروری کرپشن اورکمیشن ،شفافیت کے فقدان کی وجہ سے ہرطر ف مایوسی ،احساس محرومی جنم لے رہی ہے ۔فلسطین کے عوام مسلم حکمرانوں کی بے حسی غفلت امریکی غلامی اور اقتدارکی ہوس کی وجہ سے تباہ ہورہے ہیں فلسطین وکشمیر سمیت دنیابھر کے مظلوموں مسلمانوں کیلئے آوازبلندکرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔ وفد کی قیادت جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان کے منتظم بخت اللہ کاکڑ،جنرل سیکرٹری صلاح الدین صالح نے کیا۔ اس موقع پر مدارس کے طلبہ کو درپیش چیلنجز،مسائل اورجمعیت طلبہ عربیہ کے اتحاد طلبہ مدارس مہم کے حوالے سے گفتگوہوئی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دینی مدارس اوران کے طلبہ کے حقوق کی ہمیشہ حمایت کی ہے اسلامی نظام تعلیم ،اسنادکی مساوی حیثیت اندرون وبیرون ملک اعلیٰ تعلیم اورروزگار کے مواقع ،وفاقی بجٹ میں حصہ ،مدارس کی رجسٹریشن وبینک اکائونٹس میں آسانی ،منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کیلئے چلائی جانے والی جمعیت طلبہ عربیہ کے اس مہم میں بھی ہم ان کیساتھ ہیں حکومت جمعیت طلبہ عربیہ کے مدارس ودینی طلبہ کے مسائل کے حل میں ساتھ دیں۔اس موقع پر جمعیت طلبہ عربیہ بلوچستان کے منتظم مولانا بخت اللہ کاکڑ نے کہاکہ مدارس کے مسائل ،اتحاد طلبہ ،طلبہ برادری کے مسائل پر اسمبلی فلورپر گفتگوکرونگا جمعیت طلبہ عربیہ نے مدارس کے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ان کی فکری ،تعلیمی اور اخلاقی تربیت کا فریضہ انجام دیتی ہے بلکہ درپیش مسائل کے حل اورحقوق کی فراہمی کیلئے مسلسل جدوجہد کررہی ہے مسلکی اختلافات اورفرقہ وارانہ تعصبات سے بالاترہوکر امت واحدہ کا شعور اوراقامت دین کانصب العین دینا اورعصر حاضر کے چیلنجزسے نبردآزماہونے کیلئے افراد تیار کرنا جمعیت طلبہ عربیہ کا بنیاد وصف ہے ۔جماعت اسلامی کی سرپرستی میں ہم نفاذ اسلام ،دینی وعصری تعلیم عام کرنے کی جدوجہد کیساتھ ممبر سازی مہم میں بھی ساتھ دیں گے۔