کراچی میں پانی کی عدم فراہمی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

98

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہرقائد میں 4 دن سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے، مختلف علاقوں میں شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔تفصیلات کے مطابق پانی کی عدم فراہمی سے متاثرہ علاقوں میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، گارڈن، صدر اور رنچھوڑلائن ودیگر شامل ہیں، اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر اور گلستان جوہر سمیت دیگر علاقے بھی پانی کی عدم دستیابی سے دوچار ہیں۔واٹر کارپوریشن نے 3 مختلف مقامات پر لائنوں کی مرمت کاکام مکمل ہونے کا دعویٰ کیا تھا، پرانی سبزی منڈی کے قریب واٹرکارپوریشن کی مین لائن برسٹ ہوگئی تھی۔گزشتہ 2 روز سے مختلف مقامات پر مرمتی کام بغیرکسی وقفے کے جاری تھا، پرانی سبزی منڈی پر لائن کی لیکج کے باعث صاف پانی کا رساؤ جاری تھا۔دریں اثنا پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر پی آئی بی کالونی کے مکینوں نے احتجاج بھی کیا، یونیورسٹی روڈ پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے اور پانی کی ترسیل کا آغا ز کر دیا گیا۔بعدازاں حسن اسکوائر آنے جانے والے ٹریک کھول دیے گئے اور ٹریفک بحال ہوگیا، مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔