پاکستان میں اگلے سال مہنگائی مزید کم ہوگی، آئی ایم ایف

48

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگلے سال مہنگائی مزیدکم ہوکر 10.6 فیصد پر آ جائے گی۔آئی ایم ایف کے ڈائریکٹرمڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا جیہادایزور نے پاکستانی معیشت کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا کہ مہنگائی 29 فیصد سے کم ہو کر اس سال 12.6 فیصد ہوگئی ہے، ٹیکس وصولی میں بہتری اورمسائل حل کر کے آمدنی بڑھائی جا سکتی ہے۔سال 2024-25 ء میں پاکستانی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، یہ پاکستانی معیشت میں ایک بہتری کا اشارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی معیشت کو زیادہ برآمدی صلاحیت حاصل ہوگی۔ جیہاد ایزور نے مزید کہا کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنے گا،مالیاتی پالیسی مہنگائی میں کمی اور سرمائے کی روانی میں رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ہے، اس سے کرنٹ اکاؤنٹ پر بوجھ کم ہوگا، معیشت میں استحکام آئے گا اور مالیاتی خطرات میں کمی اورتوانائی شعبے میں بہتری آئے گی۔