کراچی:جماعت اسلامی کے نائب امیر و بلدیہ عظمیٰ میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 100سال میں بھی کراچی ٹھیک نہیں کرسکتی، عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے اور شہر میں بلدیاتی صورتحال بدترین ہوتی جارہی ہے، شہر میں بلدیاتی معاملات دن بدن ابتری کاشکار ہیں۔
سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہاکہ کراچی آلودگی میں پوری دنیا میں دوسرے نمبرپر آگیا ہے، شہر میں روزانہ 200کے قریب کتے کے کاٹنے کے کیسز ہورہے ہیں،گزشتہ دس ماہ میں 12افراد سگ گزیدگی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
بلدیہ عظمیٰ کے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی 16سال کی نااہلی اور بد ترین کارکردگی سے یہ بات ثابت ہوچکی کہ اگر پیپلز پارٹی سو سال بھی حکومت کرلے کراچی کو درست نہیں کرسکتی کیونکہ اس کے پاس اہلیت ہے، اور نہ کام کرنے کی نیت، مرتضی وہاب کو نادیدہ قوتوں نے کراچی پر زبردستی مسلط کرکے کراچی کے عوام کو نہ صرف ان کی جائز اورحقیقی نمائندگی سے محروم کردیا بلکہ ایک ایسے فرد کے ہاتھوں میں کراچی کے امور سپرد کردیے کہ جس نے بلدیہ کے تمام معاملات چند افسران کے ہاتھوں میں دے دیے ہیں جو کراچی کے وسائل کو بے دردری سے برباد کررہے ہیں۔
سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایک جانب مرتضی وہاب پارٹی چیئرمین کی خوشنودی حاصل کرنے میں مصروف ہیں اور انہیں کراچی کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں تو دوسری جانب کراچی کی تباہی کے دوسرے ذمہ دار وزیر بلدیات ہیں،جن کی کل کائنات پانچ یوسیز پر مشتمل ان کا صوبائی اسمبلی کاحلقہ ہے،اورصورتحال وہاں بھی خراب ہے۔