نواز شریف اور مریم نواز کی آج بیرون ملک روانگی کا امکان

210

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف  اور ان کی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آج بیرون ملک روانگی کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کے برطانیہ و امریکا سمیت دیگر ممالک کے دوروں کا شیڈول سامنے آ گیا، اس سلسلے میں دونوں رہنما آج لاہور سے دبئی کے لیے اپنی پہلی پرواز میں روانہ ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا دبئی، لندن، امریکا اور یورپ جب کہ مریم نواز کا لندن اور یورپ کے دورے کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔نوازشریف آج صبح 6 بجے جاتی امرا رائیونڈ سے دبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔

ن لیگ کے صدر 5 ممالک کا دورہ کریں گے، جن میں دبئی، امریکا، لندن اور یورپ کے ممالک شامل ہیں۔ دبئی میں ان کا قیام ایک روز کے لیے ہوگا، جس کے بعد وہ لندن جائیں گے۔نواز شریف 29 اکتوبر کو لندن سے امریکا جائیں گے جہاں 4 روز قیام کے بعد واپس لندن پہنچیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نومبر کے پہلے ہفتے میں لندن جائیں گی، جہاں چند روز قیام کے بعد نوازشریف اور مریم نواز یورپ کے مختلف ممالک کے دورے کریں گے۔

بیرون ملک دوروں کے دوران نواز شریف کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں وہ لندن میں اپنا طبی معائنہ بھی کروائیں گے۔