کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہاہےکہ ٹاؤن و یوسی چیئرمینز سمیت ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے 11-Gاور 11-Fکے عوام کودو بڑی سڑکوں کا تحفہ دیا ہے، شفیق موڑ تا اللہ والی 7000فٹ سڑک بنانے کی ذمہ داری قابض میئر کی ہے،وہ اس سڑک کو بنانے سے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔
منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے تحت نیو کراچی گودھرا میں دوبڑی سڑکوں دارالعلوم رحمانیہ روڈ سیکٹر 11G اور پٹنی مدرسہ روڈ سیکٹر 11F کا افتتاح کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ جماعت اسلامی کی علامت و شناخت ماضی میں بھی خدمت ودیانت تھی،آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اپنے دور حکومت میں کراچی کو چار چاند لگادیے اورریکارڈ مثالی ترقیاتی کام کروائے تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اہل کراچی کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کے تاریخی ادوار میں جوسہولیات فراہم کی گئیں وہ کسی اور نے فراہم نہیں کیں۔آج کراچی میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن اور87یوسی چیئرمینز ہیں، جنہوں نے محدودوسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود صرف 11ماہ میں 110پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا،گلیوں میں تقریباً40ہزار اسٹریٹ لائٹس لگوائیں،پینے کے پانی اورسیوریج کے مسائل حل کروائے اور آج دو بڑی سڑکوں کا افتتاح بھی کیا۔