پڈعیدن: دریائے سندھ میں 4 نوجوان ڈوب گئے

35

پڈعیدن (جسارت نیوز) مٹھیانی کے قریب دریائے سندھ میں مبینہ طور پر 4 نوجوان ڈوب گئے، مقامی غوطہ خوروں نے 3 کی لاشیں تلاش کر کے نکال لیں، ایک کی تلاش جاری، چاروں نوجوان لکڑیاں کاٹنے دریا کے کنارے گئے، ایک کو بچاتے ہوئے چاروں ڈوب گئے، اہل علاقہ، تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق مٹھیانی کے قریب کچے کے علاقے میں دریائے سندھ کے کنارے لکڑیاں کاٹنے جانے والے 4 نوجوانوں میں سے ایک کا پائوں سلپ ہونے کے باعث ڈوبتے دیکھ کر مزید تینوں نوجوان بچاتے ہوئے ڈوب گئے، واقعے کی اطلاع پر اہل علاقہ نے پہنچ کر مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے 3 نوجوان کی لاشیں جدوجہد کے بعد نکال لیں، جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے، رات کا وقت ہونے کے باعث تلاش میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، تینوں نوجوانوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ تینوں جاں بحق نوجوانوں کی شناخت اظہر مشوری، مدثر مشوری، ساحل مشوری کے نام سے ہوئی جن کی عمر تقریباً 12 سے 16 سال ہے، ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، المناک واقعے پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا، اطلاعات کے مطابق چاروں نوجوان کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔