رواںمالی برس جی ڈی پی کی شرح نمو2.4فیصدرہنے کاامکان

117

اسلام آباد (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سال2024میں پاکستان کی جی ڈی پی کی نموکی شرح2.4فیصد اور سال2025میں3.2فیصد اور مہنگائی کی شرح آئندہ سال 9.5فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ورلڈ اکنامک آئوٹ لک کے نام سے جاری رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024میں پاکستان میں جی ڈی پی کی نمو کی شرح 2.4فیصد اور آئندہ مالی سال کے دوران3.2فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ سال کے دوران صارفین کے لیے قیمتوں کا عمومی اشاریہ9.5فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، مالی سال2023میں صارفین کے لیے قیمتوں کا عمومی اشاریہ29.2فیصد تھا۔ رپورٹ میں مالی سال2024میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد اور مالی سال2025میں7.5فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ توقع ہے کہ2023کی اوسط شرح6.7فیصد سے کم ہو کر2024میں5.8فیصد اور2025میں4.3 فیصد ہو جائے گی۔ ترقی یافتہ ممالک میں افراط زر جلد ہی ہدف کی سطح پر پہنچ جائے گا جبکہ ترقی پذیر ممالک کو ابھی وقت درکار ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق عالمی معیشت کو مالیاتی عدم استحکام، جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور دیگر عوامل سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں پالیسی سازوں کو مالیاتی نظم و نسق بہتر بنانے اور قرضوں کی واپسی کی حکمت عملی پر عمل کر نے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور عالمی سطح پر ماحول و موسمیاتی طور پر موزوں معیشتوں کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔