ٹیکس دہندگان کودوستانہ ماحول فراہم کیا جائے، وزیراعظم

132

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس اور محصولات کے نظام کو مووثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے، ٹیکس دہندگان کو دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ اور اسے مؤثر طور پر بروئے کار لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کی تعمیر نو کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس اور محصولات کے نظام کو موثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ افسران کو تمام ایف بی آر اصلاحات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔