اختر مینگل سمیت بی این پی رہنمائوں کیخلاف دہشگردی کا مقدمہ

53

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)کے سربراہ سردار اختر مینگل سمیت 6افراد کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا‘ بی این پی کے مرکزی رہنما اختر حسین لانگو گرفتار۔جوائنٹ سیکرٹری سینیٹ جمیل احمد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں سردار اختر مینگل سمیت6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی کی دفعہ بھی عائد کی گئی ۔ مقدمے کے متن کے مطابق اختر مینگل کے ساتھ دیگر 5 افراد نے مسلح ہو کر سینیٹ ہال میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی، میرجہانزیب مینگل ،اختر نواز نے مسلح ہوکر سیکورٹی اسٹاف کو دھکے دیے ، ملزمان نے زبردستی سینیٹ ہال میں اسلحہ سمیت گھسنے کی کوشش کی۔علاوہ ازیں رات گئے اسلام آباد پولیس نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی اختر حسین لانگو کو گرفتار کرلیا ‘تھانہ سیکریٹریٹ پولیس اسلام آباد نے انسداد دہشت گردی کے مقدمہ میں اختر لانگو کو گرفتار کیا ہے۔