پاکستان نے آئی ایم ایف سے مزید ایک ارب ڈالر مانگ لیا

146

واشنگٹن (صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے آئی ایم ایف سے مزید ایک ارب ڈالرمانگ لیے۔ وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے دورہ واشنگٹن میں عالمی مالیاتی ادارے کو نئے قرض کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ علاوہ ازیں فرانسیسی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کی مشکلات سے آگاہ ہیں اور ان پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے ہیں،صنعتی شعبہ بھی ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ حد کو پہنچ چکا ہے، زرعی آمدن سے ٹیکس کی وصولی بہتر کرنا ہوگی اور رئیل اسٹیٹ، ریٹیلز سیکٹرز سے ٹیکس آمدن بڑھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 52 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے ہیں اور ٹیکس بیس میں 29 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، سرکاری کارپوریشنز میں چوری روکنا ہوگی، ٹیکس چوری کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے، بجلی کے نقصانات قابو کریں گے۔قومی ائرلائن کی نجکاری کے حوالے سے وزیرخزانہ نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری نومبر میں کردی جائے گی، پی آئی اے کی بولی میں حصہ لینے والوں کو جانچ پڑتال کا موقع دیا، پی آئی اے کی اثاثہ جات کی جانچ پڑتال کی وجہ سے نجکاری عمل میں تاخیر ہوئی۔ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ معیشت میں قرضوں کا حصہ 69 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔