ضلع سکھرمیں پولیو وائرس ظاہر ہونا شروع ہوگیا ہے، ڈی سی سکھر

76

سکھر (نمائندہ جسارت)ضلع سکھر کے گرد و نواح پولیو وائرس ظاہر ہو رہا ہے جو سکھر کے لیے بھی خطرے کی علامت ہے، ماحولیاتی نمونوں کے نتائج مثبت آنے کا مطلب ہے کہ وائرس حملہ آور ہونے کے لیے ہمارے پھول سے بچوں کی تلاش میں ہے۔ یہ بات کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے روٹری کلب سکھر کیجانب سے پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے بطور مہمان جبکہ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم راجا دھاریجو، ڈپٹی کمشنر خیرپور سید احمد فواد، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر روٹری کلب سکھر کے صدر ملک آفتاب محمود سیکرٹری روٹری کلب سکھر، ڈاکٹر آغا سمیع اللہ نائب صدر روٹری کلب، ریاض میمن نائب صدر، سرور بھٹی انچارج پولیو پروگرام روٹری کلب سکھر، روٹیرینز، طلبا ، ڈاکٹرز اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کا عالمی دن کے موقع پر ہم اپنے فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مشکلات کے باوجود پولیو ورکرز گھر گھر جا کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روٹری کلب پولیو مہم میں ہمیشہ کی طرح پیش پیش رہا ہے۔کمشنر سکھر کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس دنیا کے صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان میں ہے دونوں ممالک میں مجموعی طور پر پولیو کے 63 کیسز سامنے آئے ہیں، پاکستان میں رواں سال 40 کیسز جبکہ ان میں سے 12 کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں جو کہ نہایت تشویشناک امر ہے، کیسز کا رونما ہونا کسی نہ کسی کی لاپرواہی کا نتیجہ ہی ہے۔کمشنر سکھر نے کہا کہ 2009ء میں پڑوسی ملک میں پولیو کے 740 کیسز سامنے آئے تہے اور 2011ء تک تمام کیسز ختم ہو چکے تھے، ہمیں بھی اسی طرز پر سخت محنت کرنا ہوگی۔ ڈی سی سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ ایک برس کے مثبت نمونوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔روٹری کلب سکھر کے نائب صدر آغا سمیع اللہ اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی، سکھر گھوٹکی اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔تقریب کے اختتام پر شہریوں میں پولیو کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے روٹری اسکول سے میونسپل اسٹیڈیم تک واک کا اہتمام کیا۔