پاکستان نااہل افراد کے ہاتھوں کھلونا بن گیا ہے، جاوید قصوری

33

لاہور(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم جاری ہے۔ابتک لاکھوں افراد جماعت اسلامی کے ممبر بن چکے ہیں، ان میں طلبہ و طالبات، عام مزدور، دیہاڑی دار افراد، ڈاکٹر، انجینئر،کسان، خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ہمارا ہد ف 50 لاکھ افراد کا ہے ۔پاکستان سے ظلم کے نظام کے خاتمے کیلئے حافظ نعیم الرحمن کا ساتھ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیحات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پنجاب کے ترقیات بجٹ کا نصف بھی خرچ نہیں ہو سکا، منصوبے التوا کا شکار ہیں۔ پنجاب کے ترقیات منصوبوں کے لئے 340ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی تھی۔ مگر کام محکمانہ غفلت اور وزیر اعلیٰ کی عدم دلچسپی کی بدولت ست روی کی نذر ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور ان میں سے بڑی تعداد روزگار کے مواقع کی کمی کی وجہ سے بے روزگار ہے۔ رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ میں 7لاکھ افراد ملک سے باہر چلے گئے جبکہ سال کے آخر تک پندرہ لاکھ افراد پاکستان چھوڑ جائیں گے۔ برین ڈرین کا یہ سلسلہ خطرناک ہے اس سے جہاں ایک طرف ملک میں پڑہے لکہے قابل افراد کی تعداد کم ہو گئی وہاں لیبر فورس میں بھی مسلسل کمی ہو گی۔95فیصد پاکستانی ملکی حالات کے باعث بے روزگاری کے خوف میں مبتلا ہیں۔ معیشت درست کرنے کے دعویدار اور مہنگائی میں کمی کا واویلا کرنے والے سب بے نقاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت اس کے دستیاب وسائل، تکنیکی بنیادی ترقی اور ادارہ جاتی حکمت عملی پر منحصر ہے مگر یہاں بد قسمتی سے مسلط حکمرانوں کے پاس اس حوالے سے اہلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ پاکستان کرپٹ اور نا اہل افراد کے ہاتھوں میں کھلونا بن کر رہ گیا ہے۔ ادارے تباہی کی داستان پیش کر رہے ہیں جو جتنا طاقت ور ہے اس کے لئے نظام اتنا ہی موم کی ناک ہے۔ قانو ن کی رٹ عملاً ختم ہو چکی ہے۔جنگل کا قانو ن رائج ہے۔ عوام مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور آزمائی ہوئی دیگر جماعتوں کے چنگل سے آزاد ہو کر حقیقی لوگوں کو آگے لائیں۔