اسلام آباد (کامرس ڈیسک ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان چیمبر آف کامرس کوریا (پی سی سی کے) نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور صنعتی تعاون کی ترقی کی مشترکہ حوصلہ افزائی اور حمایت پر اتفاق کیا ہے۔یہ سنگ میل اس وقت حاصل ہوا جب بدھ کو یہاں آئی سی سی آئی میں دونوں چیمبرز نے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔اسلام آباد چیمبر سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں چیمبرز کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تعاون کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے ورکشاپس، سیمینارز اور تجارتی میلوں کا اہتمام کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ دوسری طرف سے پاکستان چیمبر آف کامرس ان کوریا (پی سی سی کے) کے چیئرمین جیمز لی نے دستخط کیے۔ایئر چیف مارشل (ریٹائرڈ )سہیل امان اور کوریا میں پاکستان چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین زین تاج نے بھی اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس مفاہمت نامے سے تاجر برادری کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔