کراچی چیمبر کا وزیر اعظم سے6ورکنگ ڈے بحال کرنے کی اپیل

58

کراچی(کامرس رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور ان کے ماتحت تمام متعلقہ حکام، اداروں اور محکموں کے لیے فوری طور پر چھ ورکنگ ڈے بحال کرے تاکہ معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت کو بھی سہل بنایا جا سکے۔وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیجے گئے خط میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ 2011 کے بعد سے وزارتوں، سرکاری محکموں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، مالیاتی اور بینکنگ اداروں کی اضافی ہفتہ وار تعطیل کے باعث کاروباری و صنعتی برادری کو مسلسل شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شپنگ کمپنیاں بھی بغیر کسی سروس کو مہیا کئے ہفتے کو چھٹی مناتی ہیں جس کی وجہ سے برآمدی / درآمدی کنسائنمنٹس کو سنبھالنے میں دشواری ہوتی ہے اور اس کے نتیجے میں بھاری ڈیمررج اور ڈیٹینشن چارجز کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے کو بینکنگ خدمات کی عدم دستیابی کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں اورجی سی سی ممالک کے ساتھ کام کرنے والے کاروباری افراد کو بھی بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ ممالک جمعہ کو ہفتہ وار تعطیل کرتے ہیں لہذا ایسی صورتحال میں جی سی سی ممالک کے ساتھ ہفتے بھر میں چار دن مالی لین دین کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوتا۔انہوں نے یہ بھی مزید کہا کہ ملک بھر کے تجارتی مراکز، ریٹیل اور ہول سیل کے نیٹ ورک کو بھی ہفتہ کے روز بینکنگ سروسز کی عدم دستیابی کی وجہ سے نقد رقم جمع کرنے سے قاصر ہوتے ہیں جس سے سیکورٹی کے خطرات لاحق ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں دو ہفتہ وار تعطیلات کے دوران اپنی رقوم کو محفوظ رکھنا پڑتا ہے اور یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ہفتے کے روز نقدی چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔