کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے رہائشی پروجیکٹ میں غیر قانونی گیس کنکشن کے خلاف درخواست پر ایس ایس جی سی کو ایس او پیز کے مطابق گیس صارفین کو کنکشن فراہم کر نے کی ہدایت کردی۔ دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت میں 26آئینی ترمیم کی بازگشت سنائی دی گئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اب وہ وقت گزر گیا جب ہم مفاد عامہ کے حوالے سے مقدمات سنا کرتے تھے،آپ کو مزید ریلیف دینے کے لیے ہم از خود نوٹس لے لیا کرتے تھے، قانون جیسا بھی ہو ہم یہاں پر قانون پر عمل کرنے کے لیے بیٹھے ہیں۔ جمعرات کو چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سر براہی میں سر براہی میں 2رکنی بینچ نے رہائشی پروجیکٹ میں غیر قانونی گیس کنکشن کے خلاف محمد عرفان و دیگر کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ شہریوں کی درخواست پر انہیں گیس کے کنکشن دیے جائیں ۔