چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ آج ریٹائرہوجائیں گے

82

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اپنی مدت ملازمت کاآخری روزسماعت میں گزارکراپنی اننگ مکمل کرلی ،آج جمعہ کوریٹائرہوجائیں گے۔فل کورٹ ریفرنس دن ساڑھے د س بجے ہوگاجبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مقدمات کی سماعت کا آخری روز ،جمعہ کے لیے بینچ میں بیٹھنے کی کوئی کازلسٹ جاری نہیں کی گئی،گزشتہ روزجمعرات کو چیف جسٹس نے 10مقدمات کی سماعت کی،10میں سے 4مقدمات کے فیصلے اور 6کو ملتوی کیا گیا۔ وکیل فاروق ملک نے چیف جسٹس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کا عدالت میں آخری دن ہے،آپ کیلئے نیک خواہشات ہیں،چیف جسٹس نے جواب نے کہا کہ زندگی رہی تو کل آپ سے ملاقات ہوگی۔بنچ کے اٹھتے وقت چیف جسٹس قاضی فائزعیسیی کے چہرے پرسنجیدہ سی مسکراہٹ تھی اور وہ جاتے ہوئے ایک بارمڑے سب کودیکھااور رخصت ہوگئے، آج فل کورٹ ریفرنس میں وہ خطاب کریں گے اور ان کے جواب میں نامزدچیف جسٹس یحییٰ آفریدی خطاب کریں گے اور اپنی ترجیحات سے آگاہ کریں گے۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں کل ظہرانہ دیا جائے گا۔ ظہرانے کا اہتمام نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور دیگر ججز کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزاز میں ظہرانے کی ادائیگی اپنی جیب سے کریں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سرکاری خرچ پر کھانے کے اہتمام پر معذرت کی تھی۔