کراچی: وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان کراچی تا سکھر براستہ حیدر آباد ایم 6 موٹر وے تعمیر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، یہ منصوبہ سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری سے مکمل کیا جائے گا۔
سی ایم ہاؤس کراچی میں اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے درمیان اس بات پر اتفاق طے پایا کہ ایم 6 موٹر وے حیدر آباد تا سکھر کے بجائے کراچی تا سکھر براستہ حیدر آباد تعمیر کیا جائے گا۔ اس موقع پر یہ منصوبہ سرکاری و نجی شعبے کی شراکت یا وفاقی اور صوبائی کنسورشیم کے ذریعے کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی ٹیم امکانات اور تعمیر کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکرٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکرٹری ورکس محمد علی شیخ، وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان، ڈائریکٹر حسن شاہ، ممبر این ایچ اے سندھ زون پرکاش لہانو اور رکن ویسٹ زون بشارت نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر تجویز دی کہ ایم 6 موٹروے حیدرآباد تا سکھر کے بجائے کراچی تا سکھر براستہ حیدراآباد بنایا جائے تاکہ بندرگاہ کی ٹریفک کو بھی سہولت مل سکے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز سے اتفاق کیا اور تعمیر کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر مواصلات سے لیاری ایکسپریس وے صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری پر بھی زور دیا تاکہ اسے ہیوی ٹریفک کےلیے کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لیاری ایکسپریس وے کو 6ماہ کے اندر اپ ڈیٹ کرکے ہیوی ٹریفک کےلیے بھی کھول دے گی۔