جماعت اسلامی کا 25 اکتوبر کو ملک بھر میں اہلِ فلسطین  سے اظہار یکجہتی کا اعلان

116

لاہور:جماعت اسلامی کی جانب سے 25 اکتوبر کو ملک بھر میں اہلِ فلسطین سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 25 اکتوبر جمعہ کے روز ملک بھر میں اہلِ فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے اسرائیلی افواج کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی اور مظالم کے خلاف حماس کی جانب سے دنیا بھر میں مظاہروں کی اپیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ اہل پاکستان دکھ اور کرب کی گھڑی اور آزمائش میں اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے جماعت اسلامی کی برادر تنظیموں کو بھی ہدایات جاری کیں کہ حماس کی اپیل کے تناظر میں ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا اہتمام کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ علمائے کرام مساجد میں نماز جمعہ کے خطبات میں خصوصی طور پر فلسطین کی تحریک آزادی، مجاہدین کی قربانیوں کا تذکرہ کریں، ان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔